تازہ ترین
اٹھارھواں پارہ => دورہ ترجمۃ القرآن 1444 انیسواں پارہ => دورہ ترجمۃ القرآن 1444 بیسواں پارہ => دورہ ترجمۃ القرآن 1444 ایک طہر میں متعدد طلاقیں => مسائل طلاق رجوع کیے بغیر طلاق => مسائل طلاق ماہ بہ ماہ طلاق => مسائل طلاق حالت حیض میں طلاق => مسائل طلاق طلاق کی عدت => مسائل طلاق بدعی طلاق => مسائل طلاق حالت نفاس میں طلاق => مسائل طلاق

میلنگ لسٹ

بريديك

موجودہ زائرین

باقاعدہ وزٹرز : 43919
موجود زائرین : 40

اعداد وشمار

47
قرآن
15
تعارف
14
کتب
268
فتاوى
54
مقالات
187
خطبات

تلاش کریں

البحث

مادہ

لنڈے کا مال استعمال کرنا

سوال:

لنڈے کی جرسی وغیرہ پہننے کا کیا حکم ہے؟ شدت کی سردی میں ہمارے کچھ غریب دوست لنڈے سے جرسیاں سویٹر اور جیکٹیں حتى کے جوتے بھی خریدتے ہیں اور اپنا وقت گزارتے ہیں۔ لیکن کالج کے کچھ لبرل قسم کے ممی ڈیڈی مالدار دوست ایسے ہیں جو ان غریبوں کا مذاق اڑاتے ہیں اور انہیں طعنے دیتے ہیں۔کیا واقعی لنڈے کا مال استعمال کرنا برا ہے؟

الجواب بعون الوہاب ومنہ الصدق والصواب والیہ المرجع والمآب

اللہ سبحانہ وتعالى کا ارشاد گرامی ہے:

قُلْ مَنْ حَرَّمَ زِينَةَ اللَّهِ الَّتِي أَخْرَجَ لِعِبَادِهِ وَالطَّيِّبَاتِ مِنَ الرِّزْقِ قُلْ هِيَ لِلَّذِينَ آمَنُوا فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا خَالِصَةً يَوْمَ الْقِيَامَةِ

کہہ دیجئے جو زینت اللہ نے اپنے بندوں کے لیے نکالی ہے اور رزق میں سے پاکیزہ چیزیں  کس نے حرام کی ہیں؟کہہ دیجئے یہ دنیوی زندگی میں اہل ایمان کے لیے ہیں اور قیامت کےدن تو صرف انہی کے لیے ہونگی۔

سورۃ الاعرف: 32

یعنی ہمہ قسم حلال لباس و زینت ورزق اللہ تعالى نے اصل میں اہل ایمان کے لیے بنایا ہے، دنیا میں کفار بھی ان سے فائدہ اٹھا لیتے ہیں لیکن آخرت میں یہ سب صرف مؤمنوں کے لیے ہے۔ اور اگر کبھی کفار کوئی چیز استعمال کر لیں تو انکے استعمال کر لینے کی وجہ سے حلال شے حرام نہیں ہو جاتی۔

 لہذا لنڈا یعنی کسی کا استعمال شدہ سامان استعمال کرنا کوئی برا نہیں ہے۔کسی کے بھی استعمال شدہ کپڑے ہوں، برتن ہوں، گاڑی ہو، موبائل ہو، یا کچھ اور آپ اسے پاک صاف کرکے استعمال میں لائیں، اس مہنگائی کے دور میں یہ بھی نعمت ہے۔ جہاد چھوڑنے کی وجہ سے لنڈا بھی مہنگا ہوگیا ہے، ورنہ لنڈے کا مال، مال غنیمت کی صورت مفت ملتا تھا۔ کافروں سے حاصل ہونے والی زرہیں، اسلحہ، لباس وغیرہ مسلمان استعمال کیا کرتے تھے۔ اب یہ سب چیزیں بازار میں دستیاب ہوتی ہیں تو خریدی بھی جاسکتی ہیں۔ لنڈا بازار کا خوش نما نام ’’سیکنڈ ہینڈ مارکیٹ‘‘ ہے۔آپ سیکنڈ ہینڈ گاڑی فخر سے جھولتے ہیں، سیکنڈ ہینڈ موبائل خوشی سے استعمال کرتے ہیں،سیکنڈ ہینڈ کمپیوٹر ولیپ ٹاپ میں کوئی عار نہیں سمجھتے تو غریبوں کو سیکنڈ ہینڈ ملبوسات بھی پہننے دیں، آپ کے لیے سیکنڈ ہینڈ چیز باعث فخر ہے تو غریب کے لیے باعث عار کیوں؟

تیری زلف میں پہنچی تو حسن کہلائی

وہی تیرگی جو میرے نامہ سیاہ میں تھی

عجب دو رخی ہے کہ کہ اپنی شے سیکنڈ ہینڈ ہے، اور غریب نے سیکنڈ ہینڈ لے لی تو لنڈے کی ہوئی اور زیر عتاب آگیا..!

کنجر کو فنکار، گویے کو گلوکار، مراثی کو کومیڈین کہہ کر عزت بخشنے والے لنڈے کے مال کو سیکنڈ ہینڈ کہہ کر رواداری کا مظاہرہ کریں۔

اگر انگریزوں کا استعمال شدہ مال لنڈا ہے تو کمپیوٹر مارکیٹیں بھی لنڈا مارکیٹ ہی ہیں! کہ وہاں انگریزوں کا استعمال شدہ سامان نئے کی نسبت نوے فیصد بلکہ اس سے بھی زائد ہوتا ہے. جاپانی استعمال شدہ گاڑیاں بھی لنڈے کا مال ہی تو ہیں...! اور... الخ

اور لنڈے سے بہت سے مسلمانوں کا روزگار جڑا ہے، اور بہت سوں کا گزارہ اسی لنڈے کی بدولت، سو انہیں احساس کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہیے کہ یہ کوئی معیوب کام نہیں، اور لطف تو یہ ہے کہ باہر سے لنڈا منگوانے والے سارے ہی "سیٹھ" ہیں! لہذا اہل لنڈا حوصلہ پکڑیں اور کہیں:

            نہ تنہا من دریں میخانہ مستم

                           جنید وشبلی وعطار ہم شد مست

لنڈے سے نفرت کرنے والے تقریباً سبھی لنڈے کے لیپ ٹاپ اور اکثر موبائل بھی لنڈے کے ہی استعمال کرتے ہیں!۔ لنڈے کے ملبوسات کو عار سمجھنے والے لنڈے کی گاڑیاں فخر سے جھولتے ہیں!۔ اور اب تو لنڈے کے تاجر بھی سیانے ہوگئے ہیں، لاٹ میں سے جو اچھی حالت کے کپڑے نکلتے ہیں انہیں اچھی طرح دھو کر ، بہترین پیکنگ کرکے مہنگی دکانوں پہ بیچتے ہیں، اور یہی لنڈے کوبرا کہنے والے مہنگے داموں وہ لنڈا خرید کر لاتے ہیں اور کہتے ہیں یہ ’’برانڈڈ‘‘ ہے!

ہمارے یہاں پائے جانے والے لبرلز، جو کہ اپنے افکار انگریزوں سے لیتے ہیں وہ بھی اصل لبرل نہیں بلکہ ’’لنڈے کا مال‘‘  یعنی لنڈے کے لبرل ہیں! سو جب خود لنڈے کا مال ہیں، لنڈے کی گاڑی میں بیٹھتے، لنڈے کے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر استعمال کرتے، لنڈے کے موبائل چلاتے، بلکہ لباس بھی لنڈے کا پہنتے ہیں تو کس بات پہ اتراتے ہیں؟!

هذا، والله تعالى أعلم،وعلمه أكمل وأتم، ورد العلم إليه أسلم،والشكر والدعاء لمن نبه وأرشد وقوم، وصلى الله على نبينا محمد وآله وأصحابه وأتباعه، وبارك وسلم


وکتبہ
ابو عبد الرحمن محمد رفیق طاہر عفا اللہ عنہ

  • الجمعة AM 07:56
    2022-12-30
  • 1068

تعلیقات

    = 2 + 1

    /500
    Powered by: GateGold