اعداد وشمار
مادہ
طلاق کے مانع میں شک
سوال
مختلف مجالس میں دی گئی تین طلاقوں میں سے دو طلاقیں سنت کے مطابق دی گئیں جبکہ تیسری طلاق کے بارے میاں بیوی میں سے کسی کو یاد نہ ہے کہ وہ سنت طریقہ سے دی گئی تھی یا نہیں تو اس طلاق کے بارے میں کیا حکم ہے کہ یہ شمار کی جائے گی یا نہیں؟ سوال کی مزید تفصیل اور وضاحت یہ ہے کہ میں نے تقریبا دو سال پہلے اپنی بیوی کو پہلی طلاق دی اور طلاق کے دوسرے دن رجوع کر لیا۔ پہلی طلاق دیتے وقت میری بیوی پاکی / طہر کی حالت میں تھی اور مباشرت نہیں ہوئی تھی۔ پھر کچھ عرصہ بعد میں نے دوسری طلاق دے دی اور کچھ دنوں بعد رجوع کر لیا۔ دوسری طلاق دیتے وقت مجھے اور میری بیوی کو یاد نہ ہے کہ وہ پاکی کی حالت میں تھی یا نہیں اور مباشرت ہوئی تھی یا نہیں۔ پھر آج سے ایک ہفتہ پہلے میں نے تیسری طلاق بھی دے دی۔ تیسری طلاق کے وقت میری بیوی حاملہ تھی اور اب بھی ہے۔ برائے مہربانی قرآن وحدیث کی روشنی میں میری رہنمائی فرمائیں کہ کیا مندرجہ بالا حالات کی روشنی میں تینوں طلاقیں واقع ہو گئیں یا ایک طلاق کے مشکوک ہونے کی وجہ سے صرف دو طلاقیں ہوئی ہیں؟ جزاک اللہ
الجواب بعون الوہاب ومنہ الصدق والصواب والیہ المرجع والمآب
شریعت اسلامیہ میں شک پہ کسی چیز کی بنیاد نہیں رکھی جاسکتی، بلکہ شک کو چھوڑنے اور یقین پہ بنیاد رکھنے کا حکم ہے:
فَلْيَطْرَحِ الشَّكَّ وَلْيَبْنِ عَلَى مَا اسْتَيْقَنَ
شک کو چھوڑ دے اور یقین پہ بنیاد رکھے۔
صحیح مسلم: 571
صورت مسئولہ میں آپ کو یہ یقین ہے کہ آپ نے طلاق دی ہے، لیکن طلاق کے وقوع کے مانع (یعنی بعد ازمسیس یا قبل ازمسیس) میں شک ہے۔ آپ بھی یقین پہ بنیاد رکھیں کہ طلاق واقع ہو گئی ہے۔ کیونکہ مانع مشکوک ہے۔
اسی مذکورہ بالا حدیث سے فقہی قاعدہ ’’اليقين لا يزول بالشك‘‘ اور ’’ الشك في المانع لا يمنع ترتب الحكم‘‘ اور ’’ الشك في المانع لا أثر له‘‘ نکلتا ہے۔ اور ان فقہی قواعد کی رو سے بھی بات مزید واضح ہو جاتی ہے کہ ایسی طلاق معتبر مانی جائے گی۔
لہذا بشرط صحت سوال آپ اپنی اہلیہ کو تینوں طلاقیں دے چکے ہیں اور اب وہ آپ پہ حرام ہو چکی ہے۔ وضع حمل پہ اس کی عدت مکمل ہو جائے گی ، جس کے بعد وہ آپ کے سوا کسی سے بھی نکاح کرنے میں آزاد ہو گی۔
هذا، والله تعالى أعلم، وعلمه أكمل وأتم، ورد العلم إليه أسلم، والشكر والدعاء لمن نبه وأرشد وقوم، وصلى الله على نبينا محمد وآله وصحبه وبارك وسلم
-
الاحد PM 07:21
2025-12-14 - 160





